پاکستان 25ستمبر کو بحرین میں پہلی تجارتی کانفرنس کا انعقاد کرے گا

368

پاکستان کی معاشی سفارتکاری کے تحت بحرین میں پاکستان کا سفارتخانہ 25 ستمبر کو بحرین میں پہلی تجارتی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں پاکستان، بحرین اور خلیج تعاون کونسل کے 350 سے زائد نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

سفیر جاوید ملک نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری ترجیح پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کو اجاگر کرنا ہے اور کانفرنس کا مقصد پاکستان اور بحرین کے درمیان معاشی تعلقات میں اضافہ کرنا ہے۔ جاوید ملک نے کہا کہ بحرین میں پاکستان کے سفارتخانہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت کی وزارتیں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مربوط کوششوں کے ساتھ کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سیشن کی مشترکہ صدارت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور بحرین چیمبرز آف کامرس کے چیئرمین کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے پاکستان میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا اور اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے موجودہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ کانفرنس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور دیگر ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔