بھارت مرحلہ وار مخالفت اور جنگ کا ماحول پیدا کررہاہے،لیاقت بلوچ

228

لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف مرحلہ وار مخالفت اور جنگ کا ماحول پیدا کررہاہے ۔ بھارت کا ہدف یہ ہے کہ حالات کی کشیدگی کی گرد اڑ ا کر بنگلہ دیش ، کشمیر اور افغانستان میں اپنے ظلم اور مکروہ کردار پر پردہ ڈال لے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی ظالمانہ ، منفی کردار کا عالمی برادری نے نوٹس نہ لیا تو پوری دنیا بڑی تباہ کن جنگ کا شکار ہو جائے گا ۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے دفاع پاکستا ن کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اور ایران کے لاہور میں قونصلر جنرل محمد حسین اسعدی سے ملاقات کی اور کہاکہ پورا خطہ اس وقت بحرانوں اور فساد کا شکار ہے ۔ اتحاد امت کا جذبہ ہی بحرانوں ، انتشار اور شدت پسندی پر قابو پاسکتاہے ۔پاکستان ، ایران ، سعودی عرب اور ترکی کے مضبوط تعلقات اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کو ناکام بنادیں گے ۔

liaqat-baloch-at-dpc-meeting-2
لیاقت بلوچ نے کہاکہ پوری قوم توقع رکھتی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں دوٹوک انداز میں بھارتی چیرہ دستیوں اور کشمیریوں کی آزادی ، حق خود ارادیت کی پرامن جدوجہد کو خود ساختہ دہشتگردی کے واقعات سے سبوتاژکرنے کی سازشوں کو طشت از بام کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کے سامنے بھارتی چہرہ بے نقاب کیا جائے ۔ بھارت سے بے بنیاد توقعات رکھنے کی بجائے اب محض ایک تقریر نہیں مستقل قومی مسلمہ کشمیر پالیسی بنائی جائے ۔