ملک میں مہنگائی اور بروزگاری کا طوفان برپا ہے، ذکر اللہ مجاہد

131

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں سے ملک میں مہنگائی اور بروزگاری کا طوفان برپا ہے۔ لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد بھی غربت اور بروزگاری کے سائے لوگوں پر بری طرح سے منڈلا رہے ہیں۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پیٹرول، آٹا، چینی سمیت دیگر ضروریات زندگی میں ہوشربا اضافے سے سفید پوش اور محنت مزدوری کرنے والے افراد کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر شجاع الدین شیخ سے ملاقات کے دوران اپنی گفتگو میں کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ سودی نظام معیشت کے خاتمے کے بغیر ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی ملک میں سود، سرمایہ دارانہ اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام معیشت چاہتی ہے جس میں دولت پر بااثر لوگوں کی اجارہ داری قائم نہ رہے اور دولت کی تقسیم امیروں کے ساتھ ساتھ غریبوں کی طرف بھی رہے۔ ترقی، خوشحالی اور ملک و قوم کو درپیش مسائل اور بحرانوں کے خاتمے کے لیے اسلامی نظام کا نفاذ ناگزیر ہوچکا ہے، اس کے بغیر ملک و قوم کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔ اس موقع پر تنظیم اسلامی پاکستان کے نومنتخب امیر شجاع الدین شیخ اور جماعت اسلامی کے رہنمائوں کی طرف سے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم بھی کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے وفد نے نومنتخب امیر شجاع الدین شیخ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غلبہ کی جدوجہد کو مل کر آگے بڑھا جائے گا۔