ملک و قوم کو عمر فاروق ؓ جیسے رہنما کی ضرورت ہے، جاوید قصوری

148

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آج ملک و قوم کو حضرت عمر فاروق ؓ جیسے لیڈر کی ضرورت ہے۔ سیدنا فاروق اعظم ؓ نے اسلامی ریاست کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور اللہ کے نظام کو فانذ العمل کرکے فلاحی ریاست کی داغ بیل ڈالی۔ ان کے کارنامے رہتی دنیا تک زندہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی رہی ہے کہ یہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں تو آگیا، مگر یہاں آج بھی دین سے بیزار لوگوں کا نظام چل رہا ہے اور ویسے بھی لوگ اقتدار پر قابض ہیں۔ جب تک اس فرسودہ نظام سے نجات حاصل نہیں کرلی جاتی اس وقت تک ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کے 74 برسوں میں سیکولرز اور لبرلز دونوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے، اب اسلام کے نظام کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ کرپشن کا دائرہ وسیع ہوچکا ہے۔ کوئی بھی کام رشوت کے بغیر ممکن نہیں۔ ادارے خسارے میں چل رہے ہیں اور ان میں کرپشن سرایت کرچکی ہے۔ کرپٹ عناصر نے اپنے الگ سے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگایا، مگر دوسرے وعدوں کی طرح یہ نعرہ بھی ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ غریب ملک پر پی ٹی آئی کے وزراء کی فوج ظفر موج قومی خزانے پر بھاری بوجھ کے سوا کچھ نہیں۔ پوری کابینہ کی کارکردگی وزیر اعظم کی مداح سرائی تک محدود ہے۔ معاشی بد حالی سے غربت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ جبکہ حکمران محض عوام کو دلاسا دے رہے ہیں۔