ن لیگ نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، واپسی کیلئے تمام ذرائع استعمال کیے جائیں، وزیراعظم

263

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لانے کی ہدا یت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق متعلق اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور بابراعوان نے پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق اقدامات پرحکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لیگ (ن) نے نوازشریف کی صحت پر سیاست کی،اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں، مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں،عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے ترجمانوں کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری مؤثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، اب پوری توجہ بہتر معاشی اعشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔