سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی، گورنر سندھ

266

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کہ کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی، معلوم نہیں بلاول بھٹو بار بار اعداد و شمار کیوں بتا رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بہترین پیکج کا اعلان کیا 1100 ارب میں 62 فیصد وفاق اور 28 فیصد سندھ حکومت دے گی، کراچی اور سندھ کے مسائل کے لیے تمام ادارے ساتھ بیٹھ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ترقیاتی منصوبہ کراچی تک محدود نہیں، یہ اندرون سندھ بھی جائے گا، معلوم نہیں بلاول بھٹو بار بار اعداد و شمار کیوں بتا رہے ہیں، لگتا ہے انھیں کوئی غلط گائیڈ کر رہا ہے، سندھ حکومت کے ساتھ طے ہوا تھا کہ کراچی مسائل پر سیاست نہیں ہوگی۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مہرباں بن کر آتے آتے بہت دیر کی ہے، کراچی کے لیے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں، یونس سائیں نے کل وزیر اعظم سے ملاقات کی اور سندھ کا مقدمہ سامنے رکھا، جس پر وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ وہ جلد اندرون سندھ کا دورہ کریں گے۔