ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے ہم آہنگی کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

238

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مقابلے کے لیے اداروں میں کوآرڈی نیشن ضروری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے فلڈز کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں عمران خان کو متعلقہ محکمے کے افسران نے بارشوں کی صورتحال، جانی ومالی نقصانات  اور ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی، اجلاس میں صوبائی چیف سیکریٹریز کی بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

عمران خان نے  کہا کہ این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتیں مل کر نقصانات کا جائزہ لیں،نقصانات کے ازالے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے گی۔

حکام فلڈ کمیشن اورمیٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے وزیر اعظم کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کے اکثر حصوں اور خصوصاسندھ بلوچستان میں زیادہ بارشیں ہوئیں، تمام دریاؤں میں درمیانے درجے کا بہاؤ ہے، حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے تمام ڈیم پانی سے مکمل بھر چکے ہیں،ڈیم بھرنےکی بدولت پانی کی دستیابی کی صورتحال تسلی بخش رہے گی، مزید سیلابی صورتحال کے پیدا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو پاک آرمی کی جانب سے بھی ریلیف کی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔