شامی حکومت نے اپنے شہریوں کو ہلاک کیا،بان کی مون

224

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شامی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ سالہ خانہ جنگی میں اس نے زیادہ تر اپنے شہریوں کو ہلاک کیا ۔

غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ جو بھی شام میں ایک دوسرے سے جنگ لڑنے والوں کی حمایت کرتا ہے ان کے ہاتھوں پر بھی خون لگا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ امدادی قافلے پر حملے کے بعد اقوامِ متحدہ نے شام بھجوائی جانے والی تمام امداد کو بھی معطل کر دیا ہے۔

بان کی مون نے کہا کہ بہت سے گروہوں نے بہت سے معصوموں کو مارا ہے مگر شامی حکومت سے زیادہ نہیں جس نے علاقوں کو بیرل بموں سے نشانہ بنایا اور منظم انداز میں ہزاروں قیدیوں پر تشدد کیا۔سیکریٹری جنرل نے اقوامِ متحدہ کے قافلے پر حملے کو بیزار کر دینے والا، وحشیانہ اور بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔