سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

245

اسلام آباد:بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی)کے بیدوری سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا  گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا اور کہا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ بانڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

بھارتی سفارتکار کا بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رواں سال کے دوران 2199 مرتبہ بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں، جس میں 17 بیگناہ شہری شہید اور 171 زخمی ہوئے۔

بھارتی سفارتکار کو آگاہ کیا گیا کہ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔