وفاقی دارالحکومت میں کرائم میں اضافہ، امریکہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

312

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام  آباد میں  حکومتی دعوؤں کے برعکس اسٹریٹ کرائم میں مسلسل اضافے کے باعث امریکی ایمبیسی  نےاپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت میں موبائل فون، نقد رقم اور زیورات چھین لینے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،اسلام آباد انتظامیہ جرائم پیشہ افراد  کو روکنےمیں ناکام نظر آرہی ہے۔

اسلام آباد  کے علاقوں آئی نائن مرکز، آئی ٹین مرکز، سبزی منڈی، ایف ٹین، ایف الیون، شمس کالونی، بلیو ایریا، لہتراڑ روڈ، کرپا روڈ، جاپان روڈ اور غوری ٹاؤن شامل ہیں۔

اس صورتحال پرامریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا ہے کہ سیکٹر جی سکس، جی سیون، ایف سکس، ایف سیون، ایف ٹین، آئی نائن اور آئی ٹین میں سفر کے دوران محتاط رہا جائے اور قیمتی اشیاء ساتھ نہ رکھی جائیں۔

ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں ڈکیتیوں، موبائل اور پرس چھیننے کی وارداتوں کے علاوہ اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں بھی چھینی جا رہی ہیں۔

امریکی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مارکیٹ میں زیورات پہن کر نہ جائیں اور بینک کا اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت بھی احتیاط کریں۔