قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ، اس میں ہر جرم کی سزا متعین ہے

133

لاہور (نمائندہ جسارت) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے معاون امین عام عبدالغفار منصوری نے کہا ہے کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ۔ اس میں ہر جرم کی سزا متعین ہے۔ان سزائوں کے نفاذ سے زمانہ جاہلیت کا معاشرہ بھی راہ راست پر آگیا تھا تو پاکستان میں تو چند ہفتوں میں انصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو جائگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مرکزی دفتر اچھرہ میں پریس کانفرنس یسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرطیب عبداللہ ، ہمایوں الطاف ، انوار الحق ، عبدالقدیر بھی موجود تھے۔عبدالغفار کا کہنا تھا کہ جلد از جلد شرعی حدود و قوانین کے وطن عزیز میں نفاذ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ شرعی حدود کے نفاذ سے ہی ملک میں امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں شرعی حدود کا نفاذ ہوگیا تومعاشرے سے جرائم کا جڑ سے خاتمہ ہو جائیگا۔ ظلم و ستم،عصمت دری،زیادتی جیسے کبیرہ گناہوں کا سد باب اللہ کی نافذ کردہ حدود میں ہے۔ اسلامی قوانین و حدود کے نفاذ سے انصاف کے تمام تقاضے پورے ہونگے۔ جمیعت طلبہ عربیہ پاکستان نفاذ حدود شرعی مہم بھر پور طریقے سے چلائے گی چونکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس لیے اس میں سزائیں بھی اسلامی ہونی چاہیئں۔اگر پاک وطن میں حدود شرعی کے نفاذ میں لعت لعل سے کام لیا گیا تو احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔