لاہور بھر میں لاقانونیت، بدامنی نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار کیا ہوا ہے

125

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام ملک میں بڑھتی فحاشی و عریانی، جنسی تشدد کے واقعات اور موٹر وے سانحہ کے خلاف کل وزیر اعلی ہاوس کے سامنے مال روڈ پر پرامن احتجاجی عوامی دھرنا دیا جائے گا۔ پنجاب اور خاص کر لاہور بھر میں لاقانونیت، بدامنی نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار کیا ہوا ہے جبکہ حکمران واقعات رونما ہونے کے بعد خواب غفلت سے بیدار ہوتے ہیں اور بیانات و اعلانات سے قوم کو بیوقوف بناتے ہیں ۔ جماعت اسلامی حکمرانوں کے ضمیر کو جگانے کیلیے کل وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے مال روڈ پر پر امن احتجاجی عوامی دھرنا دیا جائے گا۔ عوامی دھرنے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری خصوصی خطاب کریں گے۔ عوامی دھرنے میں وکلا، اساتذہ، تاجر، عوامی نمائدگان، سیاسی، سماجی اور دینی رہنمائوں سمیت خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔میاں ذکر اللہ نے اہل لاہور سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عوامی دھرنے میں اپنے مال و جان کے تحفظ ، فحاشی و عریانی کے کلچر کے خاتمے ، ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور ہمارے فرسودہ نظام کی اصلاح کیلیے بھر پور شرکت کریں۔