ای سی سی ملکی ضرورت کے مطابق گندم درآمد کرنے کی اجازت دیدی

248

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملکی ضروریات کیلئے سرکاری شعبے میں گندم کی درآمد کی اجازت دے دی، سرکاری کمپنی ٹریڈنگ کارپوریشن ضروریات کے مطابق گندم درآمد کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گندم کی درآمد کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس  کے  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے ملکی ضرورت کے مطابق گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اجلاس میں ٹی سی پی کے ذریعے گندم کی درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ضروریات کے مطابق وقتا فوقتا ٹینڈرز کے ذریعے گندم درآمد کی جائے گی۔

اس موقع پر مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ گندم کی دستیابی انتہائی اہم معاملہ ہے اور گندم کے مناسب ذخائربرقراررکھنے کی ضرورت ہے،گندم کی ملک بھرمیں مناسب قیمت پردستیابی یقینی بنائی جائے۔