بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ،نیوزی لینڈ نےدوسرے دن کے اختتام تک ایک وکٹ پر 152رنز بنا لیے

179

نیوزی لینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیمون کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز بارش سے متاثر ہوا، نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 152 رنز بنا لئےہیں۔

جمعہ کو کانپور ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جدیجا 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بولٹ اور سینٹنر نے 3، 3 جبکہ واگنر نے 2، کریگ اور سودی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا، گپٹل 21 رنز بنا کر اومیش یاداو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس موقع پر کپتان کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 117 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر سکور 152 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، اس موقع پر بارش شروع ہو گئی اور ایمپائرز کو وقت سے پہلے دوسرے روز کا کھیل ختم کرنا پڑا، کیویز کو بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 166 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں، ولیمسن 65 اور لیتھم 56 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔