عمر گل اور عمران فرحت کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

285

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ بائیں ہاتھ کے بلے باز عمران فرحت نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر اور ٹی 20 اسپیشلسٹ عمر گل نے کہا کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے،  نیشنل ٹی 20 کپ کے درمیان یا آخر میں ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کروں گا، یہ میرا آخری ڈومیسٹک ایونٹ ہوگا۔

عمر گل نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 47 ٹیسٹ میچز کھیلے 163 وکٹیں حاصل کیں،130 ایک روزہ میچز میں عمر گل نے 179 شکار کیے جبکہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں عمر گل نے 60 میچز میں 85 آؤٹ کیے۔

عمرگل 2009 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے ،انہوں فائنل اور سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

عمر گل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا بھی حصہ ہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ سائیڈ پر آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق اوپنر عمران فرحت نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک سیزن میرا آخری ایونٹ ہوگا،نوجوانوں کو آگے لانے کی کوشش کرونگا جبکہ کوچنگ کے پروفیشن سے جڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہےکہ عمران فرحت نے 40 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2400 رنز بنائے جبکہ 58 ایک روزہ میچز میں انہوں نے 1719 رنز بنائےاور 7 ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے76 رنز بنائے۔