اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

154

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایران سے 74 میگاواٹ بجلی خریدنے، ارومچی میں حبیب بینک لمیٹڈ کی برانچ کھولنے اور عالمی کیپیٹل مارکیٹ میں سکوک بانڈ جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعہ کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کی جانب سے نیشنل ٹرانسمیشن و ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ کو یکم جنوری 2016ء سے 31 دسمبر 2016ء تک ایران کی کمپنی تواونیر کے ساتھ 74 میگاواٹ بجلی کی خریداری کیلئے ٹیرف میں توسیع کی سمری کی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ارومچی چین میں حبیب بینک لمیٹڈ کی برانچ کھولنے کی سمری کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بھجوائی گئی اس سمری کی بھی منظوری دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کو پالیسی احکامات جاری کئے جائیں کہ وہ منصوبے کی کیپیٹل خالص لاگت ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر کا ایک فیصد سیکورٹی کی مد میں تعمیری عرصہ سے پاور پرچیز ایگریمنٹ تک سالانہ تقسیم کرنے کی اجازت دے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سکوک بانڈ عالمی کیپٹل مارکیٹ میں جاری کرنے کی بھی خزانہ ڈویژن کو اجازت دیدی۔ اجلاس کے دوران میکرو اقتصادی اعشاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مشاہدہ میں آیا کہ مہنگائی کی شرح اگست 2016ء کے دوران 3.56 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ 2013ء میں اس دورانیہ میں یہ شرح 8.55 اور اگست 2011ء میں 11.56 فیصد تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جو کہ 20 ستمبر 2016ء کو 94 لاکھ 90 ہزار ٹن تھا جبکہ گذشتہ سال اسی عرصہ کے دوران یہ ذخیرہ 87 لاکھ 50 ہزار ٹن تھا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مالی سال 2015ء کے دوران لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 3.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔