بھارت پر خطہ میں بالادستی کا بھوت سوار ہے ،لیاقت بلوچ

214

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت پر خطہ میں بالادستی ، مسلمانوں پر مظالم اور جنگی جنون کا بھوت سوار ہے پوری قوم بھارتی جارحیت کا سیسہ پلائی دیوار بن کر منہ توڑ جواب دے گی سیاسی اختلافات قومی سلامتی پر قربان اور قوم کا بچہ بچہ افواج پاکستان کا پشتیبان ثابت ہوگا ، مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد فیصلہ کن موڑ پر پہنچ رہی ہے ، بھارت بوکھلا کر پاکستان کے خلاف شر انگیزی و دہشتگردی کر رہاہے ۔

 جمعہ کو این اے 126 کی یونین کونسل 216 کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اڑی واقعہ کی آڑ میں بھارت کشمیریوں پر مظالم کا رخ موڑنا چاہتاتھا لیکن عالمی برادری میں بھارت بے نقاب ہو گیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر، تحریک آزادئ کشمیر کا بیس کیمپ ہے ۔ کشمیری قیادت کو متحد ہو جاناچاہیے ۔ بھارت سے سفارتی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات معطل کر دیے جائیں ۔ قومی متفقہ کشمیر پالیسی کی بنیاد پر عالمی سفارتی جنگ تیز کی جائے ۔ ذلت و رسوائی اور شکست بھارت کامقدر بنے گی ۔ بھارت اپنے ظلم اور شہدا کے خون میں ڈوب جائے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملت اسلامیہ خصوصاً اسلامیان پاکستان شخصی ، گروہی ، لسانی اور مسلکی اختلافات بھلا کر وحدت کی لڑی میں متحد ہو جائے ۔ اللہ نے قرآن کریم میں مسلمانوں کو ایک امت ہی نہیں بہترین امت قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد و یکجہتی اور باہمی احترام مسلمانوں کی ایٹم بم سے بڑی طاقت ہے ۔