ملک دشمن قوتیں وطن عزیز کے امن کو خراب کرناچاہتے ہیں

75

لاہور (نمائندہ جسارت) چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھاوا دینے میں حریف ملک کا ہاتھ ہے۔فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش ہو یا لسانی ، گروہی چنگاری بھڑکانے والے عوامل انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ملک دشمن قوتیں وطن عزیز پاکستان کے امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ افغانستان سے امریکا کی رخصتی علاقائی تعاون کے بدلتے رخ کو مد نظر رکھ کے پاکستان کو پھونک پھونک کر قدم رکھنے ہو ں گے۔ آنے والا مستقبل پاکستان اور پاکستانی قوم کا مقدر ہے۔سی پیک منصوبہ تیزی سے اپنے تعمیراتی مراحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔پاکستان دشمن قوتوں کی کوشش ہے کہ یہاں افواہ سازی، انارکی بدامنی کو فروغ دے کر ترقیاتی منصوبہ جات کو فوری طورپر روکا جائے۔موجودہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تمام دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کے کندھوں پر بھاری قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کی قیادت کو ماضی کے تلخ تجربات سے سیکھنا ہو گا اور مستقبل کی سمت کا تعین کرنا ہو گا۔کسی بھی طرف سے غیر سنجیدہ اقدام کا خمیازہ ریاستی ستونوں سمیت پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے مذہبی قائدین سے اپیل کی ہے کہ ان نازک حالات میں ان کی طرف سے مثبت و مؤثر پیغام آگاہی کی صورت بھر پور صلاحیت کے ساتھ عوامی حلقوں تک پہنچائیں تاکہ نظریہ وحدت کو مزید تقویت مل سکے۔