قومی ٹی ٹوئنٹی کپ:ناردرن نے سدرن پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی

114

ملتان(نمائندہ خصوصی) ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے روز قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی۔ ناردرن کے 203 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 176رنز ہی بنا سکی۔سدرن پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے 37 گیندوں پر 73 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تاہم وہ میچ کا کامیاب اختتام کرنے میں ناکام رہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ناردرن کے فاسٹ بولر حارث روئوف نے 24 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لیگ اسپنر شاداب خان نے 31 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ناردرن کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتو اوپنر علی عمران کی نصف سنچری کی بدولت ناردرن نے مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔