فوج کے دشمن ملک کے دشمن ہیں، وزیر اعظم

529

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے دشمن ملک کے دشمن ہیں،سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں،فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا،جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پرحکومتی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔

 اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی طے کی گئی اور اپوزیشن کی اعلان کردہ حکومت مخالف تحریک پر بھی مشاورت ہوئی جب کہ اپوزیشن کے احتجاج اور جلسوں کی جوابی حکمت عملی پر غور ہوا۔

اجلاس میں نوازشریف کی واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پربریفنگ دی گئی،اوراپوزیشن کے احتجاج اورجلسوں کی جوابی حکمت عملی پر بھی غورکیا گیا جب کہ حکومتی ترجمانوں کو پاور سیکٹر میں اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے  وفاقی وزراء کو متحرک ہونے کی ہدایت بھی کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں،فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے،اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترجمان اورپارٹی رہنما اپوزیشن کو بے نقاب کریں،اپوزیشن کو فوج سے یہ مسئلہ ہے کہ وہ ان کی کرپشن پکڑ لیتے ہیں،نوازشریف کے بیانات بھارتی ایجنڈے کے مطابق ہیں،اپوزیشن کو یہ مسئلہ ہے کہ انہیں ڈھیل نہیں مل رہی،فوج کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قوم متحد ہوکربھارتی سازش کو ناکام بنائے گی، حکومت اپنے اداروں کا دفاع کریگی،اپوزیشن جماعتیں عوامی نہیں ذاتی ایجنڈے پرہیں،اپوزیشن کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔