نوازشریف پاکستان واپس آکر  عدلیہ سے کیے وعدے پورے کریں، صدر مملکت

217

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ نوازشریف نے باہر جانے کی وجہ بیماری بتائی،کیا وہاں بیٹھ کر قیادت کرنے سے اسکی صحت بہتر ہو جائے گی،نوازشریف عدلیہ سے کئے گئے  وعدے پورے کریں  اور  بذات خود آ کر اپنے کیسز کی پیروی کریں۔

نجی ٹی وی چینل  کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملکی ادارے اکٹھے ہیں ،سب کرپشن کے خلاف ہیں ،نیب کوشش کر رہا ہے کہ ملک میں احتساب ہو اور ہوتا رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے ،عالمی مالیاتی قوانین کے تحت دنیا بھر میں اثاثوں کے بارے میں جواب دینا ہوتا ہے ،نوازشریف نے باہر جانے کی وجہ بیماری بتائی ، ان کے  واپس نہ آنے کی وجہ کیا ہے ، انہیں پلیٹلیٹس کا مسئلہ تھا ،بتایا جائے نوازشریف نے آپریشن کس مسئلے کا کرانا ہے؟، کیا وہاں بیٹھ کر قیادت کرنے سے نوازشریف کی صحت بہتر ہو جائے گی ،عدلیہ سے کئے وعدے پورے کریں، بذات خود آ کے اپنے کیسز کی پیروی کریں ۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت نوازشریف کو واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے ،اپوزیشن نے اداروں پر جیسے تنقید کی اس پر افسوس ہے ، یہ پاکستان کی بدنامی کا باعث ہے ،اپوزیشن کا الزام غلط ہے کہ حکومت آرڈیننس پر چل رہی ہے،نوازشریف کو قومی اداروں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں مہنگائی 14فیصد سے کم ہو کر 9فیصد پر آگئی ہے ،ملک میں مہنگائی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں،کورونا وباء کے خلاف علماء  اورمیڈیا سمیت ہر ایک نے اہم کردارادا کیا ہے ،دنیا بھر میں کورونا بحران کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے ، پاکستان اب بہتری کی طرف آرہا ہے۔