گلگت بلتستان میں انتخابات15نومبر کو ہونگے، فوج سے مدد نہ لینے کا فیصلہ

79

گلگت (این این آئی/ آن لائن) نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے اعلان کیا ہے کہ 15نومبرکو ہونے والے انتخابات میں فوج کی مدد نہیں لی جائے گی۔ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر افضل نے کہا کہ الیکشن میں صرف پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی مدد لی جائے گی اور ثابت کریں گے کہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز الیکشن کرانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں‘ گلگت بلتستان انتخابات بغیر فوج کے کرا کے ملک میں ایک مثال قائم کریں گے‘ نگراں حکومت غیر جانبدار ہے‘حساس حلقوں میں فوج کی تعیناتی حالات کے مطابق عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیںالیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابات تک وزیر اعظم سمیت وزرا، تمام حکومتی عہدیداروں کے دورے پر پابندی عاید کر دی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز خان نے کہا کہ قانونی طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی حکومتی عہدیدار گلگت بلتستان نہیں آ سکتا اور نہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے امیدواروں پر کنٹرول کھو کر الیکشن کمیشن پر پولیٹیکل انجینئرنگ کے الزامات عاید کر رہی ہے جو غلط ہیں۔ انہوں نے انتخابات کو ہر قیمت پر شفاف اور منصفانہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں گلگت بلتستان اسکائوٹس، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی مدد حاصل کی جائے گی‘ فوج کو حالات کے مطابق انتہائی حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتخابات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں‘ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے تمام پارٹیز سے مشاورت ہوئی ہے‘ڈاکٹرز کی مشاورت سے کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریںگے‘ ضابطہ اخلاق جلد جاری کریںگے‘ انتخابات کے دوران سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کریںگے‘ وفاقی وزرا شیڈول جاری ہونے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات نہیں کرسکتے ہیں۔