نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سندھ نے سینٹرل پنجاب کو 7 وکٹوںسے شکست دے دی

76

ملتان(نمائندہ جسارت )ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو باآسانی 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ سندھ نے شرجیل خان اور خرم منظور کی شاندار بلے بازی کی بدولت 155 رنز کا مطلوبہ ہدف7 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔شرجیل خان کی 77 رنز کی اننگز میں9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ خرم منظور50رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں اوپنرزکے درمیان 134 رنز کی ابتدائی شراکت نے سندھ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔سندھ کے آخری آؤٹ ہونے والے والے بیٹسمین اعظم خان تھے ،وہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 7 اور احسان علی بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔سینٹرل پنجاب کے احسان عادل نے2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے کپتان سعد نسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا تو عابد علی کے علاوہ ان کا کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔