کشمیر کی آزاد کے لیے پاکستان کو کردار ادا کرنا ہوگا، سراج الحق

261

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں پاکستان کو محض ایک فریق نہیں ، ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

سینیٹر سراج الحق نے اسلا م آباد میں آزا د کشمیر کے صدر مسعود احمد خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدر سے ملاقات کی اور کشمیر کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور جماعت اسلامی کبھی بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف بھارتی فوج نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے اور اٹھارہ ہزار نوجوانوں کو پکڑ کر بھارتی جیلوں میں بند کر دیاگیاہے ، دوسری طرف ہندوﺅں کو کشمیر میں زمینیں الاٹ کی جارہی ہیں ،ہزاروں کی تعداد میں مساجد گرا ئیں اور مندر بنائے جارہے ہیں، اس ساری صورتحال میں او آئی سی بھی اپنا وہ کردار ادا نہیں کررہی جو اسے کرنا چاہیے تھا ۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو نقشہ جاری کیاہے ، اس کی سرحدیں ہزارہ اور کوہالہ تک پہنچتی ہیں ۔ بھارت آزاد کشمیر پر بھی قبضہ کرنا چاہتاہے مگر ہمارے حکمران بیانات اور تقریروں سے آگے بڑھنے اور کوئی عملی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اس وقت کشمیر کی صورتحال انتہائی حساس ہوچکی ہے ، کشمیر میں گزشتہ چودہ ماہ سے لاک ڈاﺅن ہے ۔ حکمران کشمیری ماﺅں ، بہنوں ، بیٹیوں کی چیخ و پکار سنیں اور انہیں بھارتی فوج کے ظلم و جبر سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔