سقوط کشمیر بنانے والوںکو عوام جانتے ہیں، غداری کے بیانیے سے ڈرنے والے نہیں، ن لیگ

110

اسلام آباد‘ نارووال‘فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ ہم غداری کے بیانیہ سے ڈرنے والے نہیں ہیںکیونکہ پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ ملک کو ایٹمی قوت کس نے بنایا اور سقوط کشمیر کس نے کیا، ملک میں سی پیک کون لایا اور سی پیک کے منصوبوں کو کس نے روکا،جب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود احتساب کا مصنوعی بیانیہ دفن ہوا ، جب کچھ نہیں ملتا ، جب تمام حکومتی ریکارڈ پاس ہونے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملی تو اب غداری کا نیا بیانیہ شروع کر دیا گیا ہے، حکومت خود نالائق، کرپٹ اور چور ہے، جس کی نیت پاکستان کے عوام کو ریلیف دینا نہ ہو،جس کی نیت معیشت ٹھیک کرنا نہ ہو، صلاحیت نہ ہو اور اہلیت نہ ہو تو اس کے ہاتھ میں اللہ تعالیٰ بھی برکت نہیں ڈالتا۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ (ن)لیگ نے میاں محمد نواز شریف کو درخواست کی ہے کہ ان کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، نواز شریف نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کا اثاثہ ہیں اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔(ن)لیگ تاریخ میں اتنی زیادہ متحد اور طاقتور نہیں ہوئی جتنی آج ہے،(ن)لیگ کی تنظیم سازی تمام صوبوں میں مکمل ہو چکی ہے،سیاسی زلزلہ اب پاکستان ڈیموکریٹک مووومنٹ کے ذریعے ہی آسکتا ہے۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی ہے کہ افواج پاکستان اور عدلیہ کو مسلم لیگ (ن) سے لڑایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جب سے اے پی سی کا انعقاد ہوا ہے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، حکومتی ترجمان جیسے بیانات سے مسخرہ پن بھی نہیں کیا جا سکتا ،جس ملک میں غداری کے سرٹیفکیٹ ایسے بانٹے جائیں اس کا اللہ ہی حافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، یہ جنگ فوج یا عدلیہ کے خلاف ہونے کا حکومتی بیانیہ عوام کو دھوکا دینے جیسا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثنااللہ نے صباح نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک میں اگر کسی نے مزاکرات کیے تواُن میں عام انتخابات کاہی مطالبہ ہوگا،عمران خان نہ 3 میں نہ13میںہیں،ابھی حکومت مخالف تحریک شروع کی گئی ہے جو جمہوری اورقانونی حقوق کے تحت ہے جب سڑکوں پرآئیں گے توحکمران بھاگتے نظر آئیں گے،شہبازشریف کے بعد(ن) لیگ کے تمام ارکان کوبھی گرفتار کرلیاگیاتوحکومتی نجات تک تحریک جاری رہے گی،خودساختہ ترجمان شیخ ر شید سمیت حکومتی ترجمانوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔