گلگت بلتستان انتخابات میں آر ٹی ایس کے استعمال کا فیصلہ نہ ہوسکا

122

گلگت (این این آئی) ریزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کو ابھی گلگت بلتستان (جی بی) کے آئندہ عام انتخابات کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) اس معاملے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں استعمال ہونے والے سسٹم کو گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں متعارف نہیں کرایا گیا کیونکہ اب تک متعلقہ حکام کی جانب سے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ معاملے پر جب چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ وہ آر ٹی ایس کا جائزہ لے رہے ہیں جس کی وجہ سے متعلقہ حکام سے کوئی فیصلہ شیئر نہیں کیا گیا تاہم کمیشن آئندہ ماہ صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لیے پرعزم ہے۔