افغانستان:بم دھماکے میں صوبائی گورنر بال بال بچ گئے، محافظوں سمیت 8 افراد ہلاک

224

مہترلام:افغانستان کے مشرقی صوبہ لغمان  کے گورنراپنے قافلے پر ہونے والےخودکش  کارحملے میں بال بال بچ گئے جبکہ انکے 4محافظوں سمیت 8افراد ہلاک اور 38دیگر زخمی ہوگئے۔

مقامی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ مشرقی صوبہ لغمان کے صدر مقام مہترلام شہر میں کار بم دھماکے کے بعد 4 عام شہری اور 4 سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور 38 افراد زخمی ہوگئے۔

حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بارود سے بھری کار کے ذریعے اس وقت حملہ کیا گیا جب صوبائی گورنر رحمت اللہ یارمل کا  قافلہ شہر کے سلطان غازی بابا علاقے سے گزر رہا تھا ۔ اس کے نتیجے میں 4 محافظ اور4 پیدل چلنے والے افراد ہلاک اور 2محافظوں سمیت 38  افراد زخمی ہوگئے۔

غیر سرکاری ذرائع کے مطابق ایک خود کش حملہ آور نے یہ حملہ کیا جس نے ملک کے دارالحکومت کابل سے 90 کلومیٹر مشرق میں واقع شہر میں تباہی مچا دی،گورنر بکتر بند گاڑی میں بیٹھے ہونے کے باعث اس حملے میں بچ گئے ۔ زخمیوں کو ایمبولینس، پولیس اور نجی گاڑیوں کے ذریعے صوبائی ہسپتال منتقل کیا گیا، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔