سعودی عرب کی شہریوں سے ترک اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل

355

ریاض: ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے اسرائیل سے معاہدے اور سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق بیان پر سعودی عرب نے اپنے شہریوں سے ترک اشیا کے بائیکاٹ کی اپیل کردی ہے۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترک صدر نےاقوام متحدہ میں تقریر اور حالیہ بیان میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر عرب ممالک پر شدید تنقید کی، اور صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر سعودی عرب کو بھی ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر سعودی عرب کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

سعودی چیمبر آف کامرس کے سربراہ عجلان العجلان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سعودی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ  ترک حکومت کے سعودی قیادت، ملک اور شہریوں کے خلاف جارحانہ اور عداوت سے بھرے بیانات کے جواب میں درآمد کردہ ترک اشیا، سرمایہ کاری یا سیاحت، ہر سطح پران کامکمل بائیکاٹ کریں۔