پاکستان اوربھارت اپنے مسائل کا حل سفارتکاری کے ذریعے نکالیں، وائٹ ہاؤس

134

امریکہ نے پاکستان اور بھارت پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کا حل تشدد کی بجائے سفارتکاری کے ذریعے نکالیں، دنیا بھر میں کہیں بھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جوش ارنسٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کا حل تشدد کی بجائے سفارتکاری سے نکالیں ۔مذاکرات سے خطے میں امن اور استحکام آئیگا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اس سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک ایسی پیشرفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئیگا۔

جوش ارنسٹ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے اڑی حملے کی براہ راست مذمت سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھرمیں جہاں دہشت گردی ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے وائٹ ہاؤس سے رابطے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جوش ارنسٹ نے کہا کہ اسلام آباد یا نئی دلی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، اس حوالے سے مزید وضاحت کے لئے محکمہ خارجہ سے پوچھا جائے۔