مکہ مکرمہ: دنیا بھرمیں کورونا وائرس کی وبا کے دوران 4 روز قبل بحال ہوئی عمرہ ادائیگی کے دوران ایک بھی کویڈ-19 کیس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حرمین شریفین کی خصوصی منتظمہ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عمرہ ادائیگی کی بحالی ہوئے چار روز گزر چکے ہیں ، اس دوران 24 ہزار عمرہ زائرین مسجد حرام پہنچے اور عمرہ ادا کیا جن میں سے کسی میں کورونا وائرس کی علامت کی تصدیق نہیں پائی گئی۔
حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہناہے کہ وزارت صحت کے ساتھ مل کر زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر سے سعودی حکومت نے عمرہ ادائیگی مرحلہ وار بحال کردی تھی جبکہ پہلے مرحلے میں یومیہ 6 ہزار معتمرین کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اب تک 24 ہزار سےزائد عمرہ زائرین نے عمرہ ادا کیا تاہم کسی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔