(گلگت بلتستان انتخابات)تعلیم‘ صحت اور نوجوانوں کو باعزت روزملے گا‘ جماعت اسلامی کا منشور

51

گلگت( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائم مقام امیر نورالباری ،سیکرٹری جنرل راجا فاضل تبسم نے گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابی منشور کا اعلان کردیا ، اس موقع پر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے قائمقام امیر اسماعیل شریعت یار،چیئرمین سیاسی امور جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ، مولانا تنویر حیدری،ملک عبدالرحمن،حاجی نعمت اللہ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات راجا ذاکر خان موجود تھے ، اس موقع پر نورالباری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان میں تعلیم، صحت، نوجوانوں کے باعزت روزگار،خطے کی محرومیوں کا ازالہ کریگی ،گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں اور بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیرنو، متاثرین زلزلہ و متاثرین سیلاب کی بحالی ہمارا ہدف ہے، جماعت اسلامی نے اپنے امیدوار میدان میں اتار دیے، عوامی تائید سے کامیابی حاصل کریں گے، گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کے حل ،دیامر ڈیم کی رائلٹی سمیت دیگر ڈیمز کی رائلٹی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ،گلگت بلتستان میں جاری میگا پروجیکٹس کی خود نگرانی کریں گے کرپشن اور کمیشن مافیا کا خاتمہ کریں گے ،ٹور ازم کے فروغ کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے انویسٹرز لائیں گے ،ضلعی سطح پر ٹورسٹ پوائنٹس قائم کر کے سیاحوں کو سہولیات مہیا کریں گے جس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقعے میسر آئیں گے ، جاری منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبوں کو ایک وسیع پروگرام کے تحت تشکیل و تعمیر تشکیل نو اور تعمیر وتکمیل کا پلان جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور مانیٹرنگ کا ایک شفاف نظام بنایا جائے ،تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر قائم اسپتالوں میں ایمرجنسی سہولیات مفت اور اسٹاف کی کمی کو پورا کریں گے ،تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر اسپتالز اور یونین کونسل کی سطح پر بی ایچ یو قائم کریں گے ،میرٹ کی بالادستی کے لیے میرٹ کے مطابق بھرتیوں کا اہتمام کریں گے ،کرپشن اور پرچی سسٹم کو ختم کریں گے ،اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں کا اہتمام،جماعت اول سے میٹرک تک قرآن کی با ترجمعہ تعلیم کو لازمی قراردیں گے،پرامن گلگت بلتستان اور خوشحال گلگت بلتستان کے سلوگن کے مطابق آگے بڑھتے ہوئے خطے کی محرومیوں کے ازالے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ،فرقہ واریت کا خاتمہ اور مسلکی ہم آہنگی میں جماعت اسلامی ہمیشہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے اور کرتی رہے گی ،اس موقع پر نورالباری نے کہاکہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان کے انتخابات کو صاف اور شفاف انداز سے منعقد کرائے کسی بھی قسم کی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ،جماعت اسلامی عوام کی فلاح وبہبود کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتری ہے، ریاست کے سارے وسائل کو امانت سمجھتے ہوئے بروئے کار لائیں گے ،کرپشن ظلم وجبر کا خاتمہ اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن ہے۔