گلگت بلتستان انتخابات‘ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

22

گلگت (اے پی پی) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کے 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ ہفتے کے روز الیکشن کمیشن آفس گلگت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے 2018ء کے انتخابات کے لیے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کو من وعن گلگت بلتستان کے آنے والے انتخابات پر بھی لاگو کیا جا تا ہے، سوائے ایک چیز کے اضافے کے، وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وضع کردہ ایس او پیز کی شمولیت ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ انتخابات صاف و شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہوںگے، وفاقی جماعتوں کے قائدین قبل از وقت دھاندلی کے بیانات دے رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔ وفاقی جماعتوں کو خرابی نظر آرہی ہے تو نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات 15 نومبر کو ہی ہوںگے۔ وزیر اعظم سمیت دیگر تمام حکومتی عہدیداروں پر الیکشن مہم چلانے پر مکمل پابندی ہوگی۔