بھارت کی انتہا پسندانہ حکمت عملی تباہی کا باعث ہے، جاوید قصوری

54

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امریکی جریدے ’’فارن پالیسی‘‘ نے بھارت کی دہشت گردی کو بے نقاب کیا ہے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی حکومت آرا یس ایس کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے۔ بھارتی دہشت گرد پاکستان، افغانستان اور کشمیر میں اپنی مذموم کارروائیوں میں مصروف ہیں، کل بھوشن نیٹ ورک کا بلوچستان سے پکڑ ے جانا اس بات کی تصدیق کرتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عالمی برادری بھارت کیخلاف کیا کارروائی کرتی ہے۔؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ حکمت عملی تباہی کا باعث ہے۔ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں بالادستی کا خواب دیکھ رہا ہے اور اس مقصد کی تکمیل کی خاطر طاقت کا توازن خراب کررہا ہے۔ اس کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت ایک متعصب اور دہشتگردانہ سوچ رکھنے والی ریاست بن گئی ہے، جس نے لداخ اور کشمیر سے لے کر بنگال اور گجرات تک مسلمانوں کا بہیمانہ قتل کیا ہے۔ بھارت میں آج بھی اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور امریکا گٹھ جوڑ دنیا کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے نابلس میں نہتے فلسطینیوں پر دوران نماز شیلنگ اور تشدد انتہائی قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری فوری نوٹس لے۔ حکومت پاکستان بھارت کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے واضح حکمت عملی ترتیب دے۔ محض زبانی کلامی اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا۔ کفار کیخلاف امت مسلمہ کو مضبوط اتحاد بنانے کی ضرورت ہے۔