قوم کو ٹائیگرز فورس کی نہیں، سستی اشیاء کی ضرورت ہے، سراج الحق

271

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو ٹائیگرز فورس کی نہیں، سستی اشیاء کی ضرورت ہے، ہر حکومت نے اپنی فورس بنائی جس نے سب کچھ ہڑپ کر کے عوام کی زندگی اجیرن کردی، حکومت کے ٹائیگرز نے تو باہر سے ملنے والی امداد کو بھی نہیں چھوڑا، حکمران باہر سے میٹھے اور اندر سے کڑوے ہیں،عوام بھی اپنے قول و فعل سے باہر نکلیں ، سانپوں کے منہ میں دودھ ڈالنے کی بجائے اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی فکر کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام فیملی گالا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف سخت احتجاج کرے گی اور ملک بھر میں عوام کو منظم کیا جائے گا ۔ علمائے کرام قومی یکجہتی اور اتحاد کو قائم رکھنے اور فرقہ واریت کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نالائق اور نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہو گیاہے، اگر یہ حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مرنے لگیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ان ٹائیگرز کو اشیاء کی قیمتیں معلوم کرنے پر لگا رہے ہیں جو پہلے ہی آٹا چینی کھا گئے ہیں، ہمیں ٹائیگرز نہیں، انسانیت سے محبت کرنے والے اور عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھنے والے ہمدرد اور مخلص لوگ چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ لاہور میں 78 روپے کلو آٹا اور پھر بھی سناٹا ہے ۔ چینی 105 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی 40 روپے اور آٹا 30 روپے اور دال 20 روپے فی کلو کی جائے تاکہ لوگ عزت کے ساتھ رہ سکیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دنیا پر فرعونی نظام مسلط ہے مگر آج کے ابو جہل کے خلاف کوئی بات کرنے والا نہیں، اس فرعونی نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی، دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمان ہیں مگر کسی مسلمان ملک کے پاس ویٹو پاور نہیں، اگر امت متحد ہو جائے تو فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل دنوں میں حل ہوسکتے ہیں اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکا جاسکتاہے ۔