حکومت کا تیل اور ایل این جی کی درآمد کیلئے آئی ٹی ایف سی کیساتھ فنانسنگ معاہدہ

176

اسلام آباد:حکومت نے تیل اور ایل این جی کی درآمد کے لئے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) گروپ کے ذیلی ادارہ انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ساتھ 386 ملین امریکی ڈالر کے فنانسنگ معاہدے پر دستخط کردئیے۔

تفصیلا ت کے مطابق تیل اور ایل این جی کی درآمد کے لئے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) گروپ کے ذیلی ادارہ ، انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ساتھ 386 ملین امریکی ڈالر کے فنانسنگ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارتِ اقتصادی امور میں منعقد ہوئی،اس سہولت کا استعمال پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کریں گے۔

معاشی امور ڈویڑن اور آئی ٹی ایف سی اور پی ایس او ، پارکو اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے نمائندوں کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے۔ فنانسنگ معاہدہ تیل اور ایل این جی کی درآمد کے لئے ایک سال کی مدت کے لئے 386 ملین امریکی ڈالر کی تجارتی فنانسنگ فراہم کرے  گا،آئی ٹی ایف سی نے پی ایس او ، پارکو اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے ذریعہ تیل اور ایل این جی کی درآمد کے لئے سال 2020 کے دوران 1.2 بلین امریکی ڈالر کی تجارتی فنانسنگ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ سہولت اپریل 2018 میں آئی ٹی ایف سی کے ساتھ تین سال (2018 تا2020) کے لیے ہوئے معاہدے جسکی کل لاگت $ 4.5 بلین ڈالر ہے،  ایک حصہ ہے۔ اس فنانسنگ سہولت پر دستخط کرنا ملک کے تیل اور گیس درآمدی بل کی مالی اعانت اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  یہ معاہدہ پاکستان کی معیشت اور اس کے مستقبل میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے اعتماد کی بھی عکاسی کرتا ہے،دستخط کی تقریب کے دوران ، دونوں فریقین نے ملک کی سماجی معاشی ترقی کو مستحکم کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید کا اظہار کیا۔