اڑی حملے کے ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکتے ،نریندر مودی

247

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اڑی حملے کے ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکیں گے ،ہماری فوج بات نہیں کرے گی بلکہ بہادری سے جواب دے گی ،اڑی حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،کشمیری عوام نے ملک کے خلاف سرگرم عناصر کو پہنچانا شروع کردیا ہے ،کشمیر ی معمولات زندگی کی دوبارہ بحالی چاہتے ہیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اڑی حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔مودی کا کہنا تھاکہ ہمارے ،شہریوں اور سیاسی رہنماؤں کے پاس بات چیت کے بہت سے مواقع موجود ہیں اور ہم بات کرتے ہیں لیکن فوج بات چیت نہیں کرے گی وہ صرف اپنی بہادری کے ذریعے ہی جواب دے گی۔آج میں کشمیر ی عوام سے بات کرنا چاہتا ہوں انھوں نے ملک کی مخالفت کرنے والے عناصر کو پہنچانا شروع کردیا ہے ۔

کشمیری عوام چاہتے ہیں انکے معمولات زندگی دوبارہ بحال ہوں ،تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں ،کشمیر ی عوام کی سیکورٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انتظامیہ اسے برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔