حکومت کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے‘ فضل الرحمن

85

چارسدہ،سکھر( آن لائن ) جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اللہ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے۔چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا، پی ڈی ایم کے تحت ملک میں مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے، انشاء اللہ ان کو دسمبر دیکھنے نہیں دیں گے۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکومت نے ملک کو سنگین معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ نیازی نے نیازی کی تاریخ دہرائی ہے ، عالمی آقاؤں کی ایماء پر سازش کے تحت ملک کی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے ، موجودہ حکمرانوں نے عوامی مینڈنٹ پر ڈاکا ڈلا ، چور چور کا شور مچا کر اپنی چوری چھپانے کی کوشش کو ہم نے ناکام بنایا دھمکیاں دیکر ہمیں خاموش کرانے والے احمقوں کی دنیا میں رہے ہیں۔ ہمارا احتساب بہت ہو چکا اب حکمراں اپنے احتساب کیلیے تیار ہو جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم آر ڈی کی تحریک میں سکھر جیل میں ساتھ جیل کاٹنے والے جے یو آئی کے رہنما مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ، صوبائی کونسل کے رکن مولانا عبدالحق مہر سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا ۔مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کرکٹ کھیلنا جانتا ہے اور ہم تحریک چلانا جانتے ہیں یہ دھمکیاں اپنے رکھیں ، انہوں نے کہا کے دھاندیلوں کے زریعے لائی گئی حکومت کو دو سال تک دھونس دھمکیوں کیذریعے زبردستی چلایا گیا ، پی ٹی آئی انصاف کی قاتل ہے ، حکومت کے ترجمانوں نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔