قدرتی  آفات، 20 سال میں 12 لاکھ افراد ہلاک

207

اقوام متحدہ نےاپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ 20 برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے7ہزار 348 قدرتی آفات آئیں جس میں اب تک 12 لاکھ 30 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق موسموں کی شدت اور اس کےنتیجے میں آنے والی قدرتی آفات سے 2000 سے 2020 تک 4 ارب 20 کروڑ افراد متاثر ہوئے،ان قدرتی آفات سے ایک محتاط اندازے کے مطابق 3ہزار ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سب سے زیادہ 577 قدرتی آفات چین جبکہ دوسرے نمبر پر 467 آفات امریکا میں آئیں۔

 بھارت کا تیسرا  نمبر رہا جہاں حالیہ 20برسوں میں 321 قدرتی آفات آئیں، 304 قدرتی آفات کے ساتھ فلپائن چوتھے اور 278 کے ساتھ انڈونیشیا پانچویں نمبر پر ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق حالیہ 50 برسوں میں 11 ہزار قدرتی آفات موسم، ماحولیاتی تبدیلیوں اور سمندری طوفان کی صورت میں آئیں،ان قدرتی آفات میں 20 لاکھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ 36 ہزار ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے 1990 سے 1999 تک 4 ہزار 212 قدرتی آفات آئیں جس میں 11 لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دنیا کے 3 ارب 35 کروڑ افراد ان قدرتی آفات سے متاثر ہوئے جبکہ معیشتوں کو ایک ہزار 630 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔