تبدیلی کا خواب قوم کے لیے عذاب بن گیا جاوید قصوری

157

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 24 فیصد کمی ہوچکی ہے۔ مہنگائی میں ہو شر با اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں نورا کشتی میں مصروف ہیں، ان کی ترجیحات میں عوامی مسائل شامل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کے بجائے قرض پر قرض حاصل کرتے چلے جارہے ہیں جو کہ ملکی جی ڈی پی کے 87.2 فیصد سے تجاوز کرچکا ہے۔ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، رہی سہی کسر بجلی اور گیس کے نرخوں میں نہ رکنے والے سلسلے نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نام نہاد تبدیلی کا خواب قوم کو دکھا یا گیا تھا وہ عذاب بن کر قوم پر مسلط ہے۔ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سرکاری اداروں کو 10 کھرب 14 ارب کا بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ الیکشن سے قبل آئی ایم ایف کے بجائے خودکشی کو ترجیح دینے والوں نے ورلڈ بینک کے ساتھ 21 اور ایشیائی ترقیات بینک کے ساتھ 22 معاہدے کیے اور 14 ارب 11 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا۔