کیپٹن (ر) صفدر معاملہ:آئی جی سندھ سمیت کئی اعلی پولیس افسران کا چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ

120

کراچی: کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے اورگرفتاری کیلئے دباؤپرآئی جی سندھ مشتاق مہر سمیت اعلیٰ افسران نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور متعدد ڈی آئی جیز نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اور اس حوالے سے افسران نےدرخواستیں بھی  تیار کرلی ہیں۔

آئی جی سندھ مشتاق مہرآج اپنےدفتر نہیں آئے،انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15روز کیلئے چھٹیوں پر جارہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عمران یعقوب نے دو ماہ کی چھٹیوں کی درخواست بھی دے دی،انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ  کیپٹن(ر) صفدرکے خلاف ایف آئی آرکے واقعےمیں پولیس افسران کو بے عزت کیا گیا اور ایف آئی آر کے معاملے میں افسران سے ناروا رویے پر تمام پولیس افسران کو دھچکا لگا۔

عمران یعقوب نے لکھا ہے کہ دباؤ کے اس ماحول میں پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی مشکل ہے، اس دباؤ سےنکلنے کیلیےمجھے 60 روز کی رخصت درکار ہے۔