بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن، شبلی فراز

282

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اورپی ڈی ایم کا بیانیہ ایک ہے،بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن ہیں،اویس نورانی نے جلسے کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

پی ڈی ایم جلسے  کے ردعمل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ کوئی بھی ناموس رسالتؐ میں گستاخی کرے گا ہم اس کا نوٹس لیں گے اور قانونی قدم بھی اٹھائیں گے تاکہ کوئی اس کی دوبارہ جرات نہ کر سکے،بنارسی ٹھگوں  کے ٹولے  نے کوئٹہ جلسے میں ناموس رسالت کا واجبی سا ذکر کیا جو تقاریر ہوئیں ایسے شخص کی تقریر دکھائی گئی جس نے ہمارے ادارے پر حملہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جس فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی، ہزاروں نوجوان اس جنگ میں شہید ہوئے،لیکن اس ملک کو لیبیا اور عراق نہیں بننے دیا،نواز شریف نے فوج کے بارے میں غلط باتیں کیں ۔

سینیٹر شبلی فراز  نےکہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک دشمن عناصر کی تائیدکر رہاہے،تکون کا تیسرا حصہ نہیں مل رہا تھا آج مل گیا ہے،وہ اسرائیل ، انڈیا اور پی ڈی ایم ہے،بھارت، اسرائیل اور پی ڈی ایم ہمارے دشمن ہیں،اویس نورانی کو پی ڈی ایم میں شامل کیاگیا،جس نے جلسے کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا جس کی مذمت کرتے ہیں،یہ باتیں ہمارے دشمن کرتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ہم پاکستان کو ان بنارسی چوروں سے آزاد کرائیں گے،جھوٹ اور ذاتی مفادات کیلئے ملک کو لوٹا اداروں کو داؤپر لگایا جب حکومت میں ہوتے ہیں تو سب ٹھیک جب باہر ہوتے ہیں تو اداروں کی ساکھ کو داؤپر لگانے کیلئے ہر حربہ استعمال کرتے ہیں ۔

وزیراطلاعات نےاپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ جواب نہیں دے رہے کہ یہ اثاثے کہاں سے بنائے اور باہر کیسے لے کر گئے اس کا جواب دیں،ایک طوفان کھڑا کرکے انقلابی بن گئے یہ چاہتے ہیں عدالتوں کے فیصلے ان کے تابع ہوں،یہ ملک ایسے لیڈر کے پاس ہے جس کا بنیادی مقصد ہی اس کو نااہل ، کرپٹ لیڈروں سے نجات دلانا ہے ۔ آپ نے ملک کو تباہ کیا ، اداروں میں اپنے من پسند بندے لگائے ، انہیں کی وجہ سے ہنر مند لوگ ملک سے چلے گئے اس سے بڑا نقصان کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے سیاست میں تفریح کا سامان پیدا ہوا ہے، بلاول بھٹو کے منہ سے عوامی مفاد کی باتیں لطیفہ لگتی ہیں،بلاول صاحب اپنے ابو سے پوچھیں انہوں نے پیپلز پارٹی کو ایک علاقائی جماعت بنا دیا ہے،بتائیں آپ کے والد 35 ملین ڈالر اس ملک سے لوٹ کر کیسے باہر لے کر گئے اور پھر استثنیٰ کے پیچھے چھپے رہے ۔ بتائیں سرے  محل کا کیا بنا۔

شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان اس ملک کے حالات بہتر کرینگے،خوشحالی لائینگے جن لوگوں نے اس ملک کو لوٹا ان کا احتساب کرینگے،یہ لوگ بچ نہیں سکتے، پی ڈی ایم کا خود کو احتساب سے بچانے کا ایک نقاطی ایجنڈہ ہے،آج عمران خان ایک اشارہ کر دیں تو یہ بھاگتے آئینگے،

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو پانچ سال پورے کرنے دیں اب ایسی منافقت نہیں چلے گی، عوام سمجھ دار ہو گئے ہیں،قومی خزانے کو لوٹنے والوں کے چکمے میں نہیں آئیں گے،عمران خان پورے ملک کی ترجمانی کر رہے ہیں،سی پیک قومی منصوبہ ہے اسے کسی سیاسی جماعت سے منسلک نہیں کرنا چاہتے ۔