حکمرانوں سے وابستہ عوامی توقعات پوری نہ ہوسکیں، جاوید قصوری

52

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مخصوص افراد کی جانب سے دفاعی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھانا درحقیقت قومی سلامتی کو دائو پر لگانے کے مترادف ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ادارے سیاسی معاملات سے دور رہیںاور اپنی آئینی وقانونی حدود میں رہ کر کام کریں۔ ملکی مفادات اور قومی سلامتی ہر کسی کے لیے یکساں مقدم ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ المیہ ہے کہ ملک میں جاری سیاسی افراتفری اور سیاسی عدم استحکام ملک و قوم کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اداروں کا تشخص مقدم اور کردار آئینی دائرہ کار میں ہونا ضروری ہے۔ حکومت، اپوزیشن اور ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے وابستہ عوامی توقعات پوری نہیں ہوسکیں۔ تبدیلی کے دعویداروں نے عوامی مسائل میں اضافہ کرکے زندگی اجیرن کردی ہے۔ مہنگائی کا سونامی سب کو بہا کر لے گیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ روح سے جسم کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے جنگ لڑرہا ہے۔ معاشرے میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے کسی بھی شخص کی عزت اور مال محفوظ نہیں۔ زیادتی کے واقعات متواتر ہورہے ہیں، یہ قانون کی کمزور گرفت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں جاری سیاسی کشمکش سے فائدہ اٹھا رہا ہے اور اس کا میڈیا دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ وسائل سے مالا مال پاکستان حکمرانوں کی نااہلی اور عاقبت نا اندیشی کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔ بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کے باوجود حکومتی کارکردگی صفر ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تحریک انصاف کی جان لیوا تبدیلی سے نجات حاصل کی جائے۔