فرانس اور یورپ میں توہین آمیز خاکوں کو دہشتگردی قرار دیا جائے، حافظ نعیم

319

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ فرانس اور یورپ کی توہین آمیز خاکوں کو  دہشتگردی قرار دیا جائے، وزیر اعظم فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کااعلان کرے، انتہائی شرم کا مقام ہے کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں حرمت رسول پر آواز نہیں اٹھاسکتے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے فرانس میں  گستاخانہ خاکوں  کی اشاعت کے خلاف  نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک ناموس رسالت ریلی نکالی  گئی،  جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نےکہاکہ کراچی کے عوام مبارکباد کے مستحق ہےکہ جو ایک بڑی تعداد میں شان رسالت پر گستاخی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،جب مسلمان تقسیم ہوجاتے ہیں تو اسلامی شعائر پر حملہ کیا جاتا ہے، دشمنان دین مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنے کے لیے وقتا فوقتا گھناؤنی حرکت کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نےکہا کہ امت مسلمہ  رسولؐ  پرکبھی تقسیم نہیں ہوسکتی،تمام مذاہب سے وابستہ افراد نبی کریم کو اللہ کا نبی مانتے ہیں،فرانسیسی صدر نے شان رسالت پر ناپاک جسارت کرکے پونے دو ارب مسلمانوں کو للکارا ہے،سلام پیش کرتے ہیں طیب اردگان کو جس نے فرانسیسی صدر کو پاگل قراردیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نےکہا کہ جب فرانسیسی صدر کی توہین برداشت نہیں کرسکتے تو پونے دو ارب مسلمان اپنے نبی کی توہین کیسے برداشت کرسکتے ہیں، حکمران مسلمانوں کی تمناوں کا خون کررہے ہیں، حکمران طبقوں سے اعلان برات کرتے ہیں جنہوں نے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ نہیں کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نےکہاکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ہوکر یہ دکھانا ہوگا کہ نبی کریم کی گستاخی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،٣ نومبر کو کراچی میں زبردست تاریخی مارچ کیا جائے گا جس میں بچے ، بوڑھے جوان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کی حرمت کے حوالے سے جو بھی کرنا ہوگا کریں گے،انصاف کے نظام کوقائم کرنا اور انصاف دلانا بھی نبی کا اسوہ ہے،ٹویٹ اور قراردادوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، عالمی سطح پر قانون پاس کرکے شان رسالت پر گستاخی کرنے والوں کے خلاف سر قلم کرنے کی سزا تجویز کروائی جائے، فرانس کے مکروہ ترین چہرے دنیا کے سامنے آچکے ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فرانس اور یورپ نے پوری دنیا کے سامنے حرمت رسول سے انکار کیا ہے، ہم حرمت رسول کا تحفظ نہیں بلکہ محمد سے عشق و محبت کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، 57 اسلامی ممالک محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے کہ فرانس اور یورپ کے خلاف مذمت تک نہیں کرسکتے اور فرانسیسی سفیر کو واپس کرسکتے ہیں،ہمیں اپنے ملک میں رسول اللہ کے لائے ہوئے نظام کی طرف پیش قدمی کرنی ہوگی،فرانس اور یورپ کی توہین آمیز خاکوں کو دہشتگردی قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کا اعلان کرنا چاہیئے، انتہائی شرم کا مقام ہے کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں حرمت رسول پر آواز نہیں اٹھاسکتے۔

امیر ضلع جنوبی و ممبر صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید نےاحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ عاشقان رسول احتجاج میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر یہ پیغام دیا  ہے کہ حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے،احتجاجی مظاہرے میں کراچی سے تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے اور تمام فرقوں سے وابستہ شہریوں نے شرکت کی اور پیغام دیا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا۔

سید عبد الرشید نےکہا کہ آج امت مسلمہ سورہی ہے سوائے ترکی اور کویت کے کسی نے جرات مندانہ بات نہیں کی،نام نہاد آزادی اظہار رائے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان ایک ہیں، مسلمان امن پسند قوم ہے اور اسلام  امن و امان کا درس دیتا ہے،آج علامتی احتجاج کیا جارہا ہے،علامتی احتجاج کے راستے کوتین جگہوں سےبند کردیاگیاہےجس کےباعث شرکاءنہیں پہنچ پائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے ناموس رسالت ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ آج کراچی کے عوام نبی کریم کے تحفظ کے لیے جمع ہوئے ہیں،فرانس کے صدر کی شان رسالت پر گستاخی قابل مذمت ہے،دنیا بھر کے مسلمان نبی کریم سے محبت کا اظہار کرنے لیے سراپا احتجاج ہیں،پرامن احتجاج کے ذریعے فتح غلامان رسول کی ہوگی،دکاندار مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج وہ موم بتی مافیا کہاں ہیں جو انسانی حقوق کی بات کرتی ہیں، حکمران دشمنان رسول کے غلام ہیں، ٢۴ گھنٹے میں فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجا جائے اور اپنا سفیر واپس بلایا جائے،فرانس کے ساتھ ہرقسم کے تعلقات ختم کیےجائیں۔