پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، سب کو جواب دینا پڑیگا، مریم نواز

225

لاہور: مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر  مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، کوئی آسمان سے نہیں اترا، سب کو جواب دینا پڑے گا، نواز شریف آئین، حلف کی پاسداری اور عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہے ہیں، نواز شریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہوا تو پھر نواز شریف اور میرا ساتھ نہ دینا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) شیر جوان تحریک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شیرجوان کے بارے میں پورے ملک سے انتہائی بہتر ردعمل آیا ہے، مریم نواز نے کہا کہ یہ شیردل جوان تحریک بظاہر نئی اور نام بھی نیا ہے لیکن اس تحریک کے مقاصد وہی ہیں جس کی بنیاد 83سال قبل 1937 میں آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے نام سے رکھی گئی تھی اور اس کے سرپرست اعلی قائد اعظم محمد علی جناح خود تھے اور اس تنظیم نے تحریک پاکستان ہراول دستہ کا کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر نے کہا کہ یہ پاکستان کے نوجوانوں کو پاکستان کا مقصد یاد دلانے کی تحریک ہے، نوجوانوں کو اقبال کا شاہین، مادر ملت کا پیغام سمجھانے، آئین کا مطلب سمجھانے، پاکستان کے نوجوانوں کو جمہوری نظام پر اعتماد دلانے کی تحریک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ہائبرڈ نظام جس کو آج کل ہائبرڈ حکومت کہتے ہیں، اس کے خطرات سمجھانے کی تحریک ہے، مستقبل کی قیادت تیار کرنے کی تحریک ہے، ڈگمگاتی امیدوں اور ٹوٹتے خوابوں کو جوڑنے اور سیمٹنے کی تحریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلامی وہ بلا ہے جس میں اگرکوئی اپنا حق مانگے، سوال کرے تو اس کو کالے پانی کی سزا سنائی جائے گی، کچھ دن پہلے پاکستان کا قابل فخر صوبہ، سوئی سے اربوں روپے کی گیس پورے پاکستان کو فراہم کی جاتی ہے اور اسی بلوچستان کےلیے مسلم لیگ (ن)کی حکومت صرف 600اسکالرشپس دیے تھے وہ بھی ان سے چھین لیے گئے اور آپ جیسے بچے گھروں سے دور سڑک پر رل رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے سوال کرنا ہے ووٹ چوری کرنے کی جرات کس کو ہوئی، ووٹ کو عزت دوصرف ایک نعرہ نہیں ہے، ووٹ کو عزت ملے گی تو مہنگائی نیچے آئے گی، غلامی وہ ہوتی ہے جب آئی جی کو اغوا کرکے گھنٹوں حبس بیجا میں رکھا جاتا ہے، آئی جی سے فون لے لئے جاتے ہیں اور کہتے ہیں کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرو، آئی جی سندھ جب گرفتاری سے منع کرتا ہے تو کہتے ہیں گھر نہیں جانے دیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والے بزرگوں کی سوچ کو آئین پاکستان کہتے ہیں،آئین آپ کے حقوق کی کتاب ہے اس میں لکھا ہے پاکستان میں کیا ہوگا، آئین پاکستان میں لکھا ہے کس کا کیا حق ہے اور کیا نہیں ہے،کس نے کیا کام کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا،آئین پاکستان پڑھو اور پھر دیکھو کہ نوازشریف کے مطالبات کیا ہیں، ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہے تو نوازشریف اورمیرا ساتھ نہ دینا۔