گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ کرلیا‘ وزیراعظم

145

گلگت بلتستان(خبرایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم مراعات اور پیکیج کا اعلان الیکشن کے باعث ابھی نہیں کررہا۔اتوار کو گلگت بلتستان کے 73 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہپاکستان کا واحد وزیراعظم ہوں جو گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کے لیے آیا ، آئندہ ہر سال شریک ہوا کروں گا۔عمران خان نے کہاکہ ہمیں آج بھی میر جعفر ، میر صادق اور میر ایاز صادق جیسے لوگوں کا سامنا ہے، آنے والے دنوں میں قوم دیکھے گی کہ کس کے ماتھے پرپسینہ آتا ہے اور کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہجس چیز میں پاکستان کا فائدہ ہے اس چیز میں ان کا نقصان ہے، مجھے معیشت اور الیکشن پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی،یہ لوگ میرے خلاف ناکام ہوئے تو انہوں نے فوج اور آئی ایس آئی کے چیف پر بندوقیں تان لیں ہیں، یہ ڈاکو آرمی چیف کے خلاف بول رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ان کے حق میں عدالتی فیصلہ آتا ہے تو ٹھیک ہوتا ہے لیکن فیصلہ ان کے خلاف آتا ہے تو عدلیہ کو ہدف بناتے ہیں، یہ عدلیہ میں کوشش کررہے ہیں ایک جج کو اوپر چڑھا دیں۔وزیراعظم کے بقول عوام مشکل میں ہیں اور مشکلوں کا سامنا کررہے ہیں، غریب افراد کو اوپر لانا حکومت کی پالیسی ہے،اب تک معیشت ٹھیک کرنے پرتوجہ تھی، اب قانون کی بالادستی پر توجہ دوں گا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں پچھلے 73 سال میں سب سے زیادہ انتہا پسند حکومت آئی ہے، بھارتی حکومت انسانوں کو برابر نہیں سمجھتی، آج ہمیں مضبوط سیکورٹی فورس کی ضرورت ہے، پاکستان میں دہشت گردی کا دشمنوں نے فائدہ اٹھایا، سیکورٹی فورسز کی وجہ سے آج ملک محفوظ ہے، بھارت نے شیعہ سنی علما کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا، سیکورٹی فورسز نے انتشار پھیلانے کے منصوبے پاش پاش کیے۔