ایف بی آر کی 4 ماہ میں 1400 ارب روپے کی ٹیکس وصولی

215

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1400 ارب گراس ریونیو حاصل کرلیا، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں77 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہوا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1337 ارب روپے کانیٹ ریوینیو حاصل کیا ہے جبکہ پچھلے سال ان چار ماہ میں 1288 ارب رو پے نیٹ ریونیو حاصل کیا گیا تھا، انکم ٹیکس کی مد میں 470 ارب روپے حاصل ہوئے، سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو 643 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 81 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی 206 ارب رہا۔

ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے چار ماہ  میں گراس ریونیو 1400ارب روپے اکھٹا کیا ہے جو کہ پچھلے مالی سال کے پہلے چار ماہ میں1323ارب روپے تھا،اس طرح اس سال جولائی تا اکتوبر 77 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہواہے،ماہ اکتوبر میں محاصل کی مد میں 333ارب روپے حاصل ہوئے جو کہ پچھلے سال 325 ارب روپے تھے۔

رواں مالی سال  جولائی تا اکتوبر128ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 52 ارب روپے کے تھے۔ماہ اکتوبر میں  15 ارب کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جو کہ پچھلے سال اکتوبر میں 4.5 ارب تھے، ریفنڈز میں اضافہ کے باوجود ایف بی آر نے اس سال اکتوبر میں پچھلے سال اکتوبر کے محاصل کے مقابلہ میں زائد ریونیو حاصل کیا ہے، ریفنڈز اضافہ کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔

کرونا وبا کے باعث معیشت کی سست روی اور حکومت کا فنانس ایکٹ 2020 میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں خاطر خواہ ٹیکس ریلیف دینے کے باعث درآمدی سطح پر 2 فیصد ریونیو میں کمی  کے باوجود ایف بی آر نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مقامی وصولیوں میں 13 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے جو کہ ٹیکس گزاروں کا حکومت کے ریوینیو اقدامات پر اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سمگل شدہ اشیاء جن کی مالیت 21.48 ارب روپے ہے ضبط کی گئی ہیں جبکہ پچھلے سال پہلے چار ماہ میں 13.40 ارب روپے مالیت کی اشیاء  ضبط ہوئی تھی۔

ایف بی آر تجارتی آسانی کی فراہمی کے لئے آٹومیشن، ای آڈٹ اور طریقہ کار سہل بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

ایف بی آرنے  کرپشن، ہراسانی اور اختیارات کے غلط استعمال کیتدارک کے لئے  موثر اقدامات اٹھائے ہیں،رواں ٹیکس سال تاجروں  کی آسانی کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے نہایت آسان اور ایک صفحہ پر مشتمل متعارف کرائے گئے ہیں۔

مزید برآں تاجروں اور تنخواہ دار طبقہ کے لئیاردو اور علاقائی زبانوں میں بھی ٹیکس گوشوارے اپلوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 تک جمع کرالیں۔