آسٹریلیا نے آئرلینڈ کوواحد ون ڈے میچ میں شکست دے دی

169

عثمان خواجہ اور کپتان سٹیون سمتھ کی شاندار بلے بازی کی بدولت عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو واحد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا، کینگروز نے 199 رنز کا ہدف 30.1 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کیا۔

منگل کو بنوئی میں کھیلے گئے واحد ایک روزہ میچ میں آئرش ٹیم کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، آئرلینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 43.5 اوورز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آئرلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، جان اینڈرسن 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، پال سٹرلنگ 30، کپتان پورٹرفیلڈ 24، کیون اوبرائن 23، گیری ولسن 14، ٹم مرتگ 15، بیری میکارتھے 13، سٹورٹ پونٹر 11، سین ٹیری صفر پر آؤٹ ہوئے، ایڈم زمپا نے 3 جبکہ جان ہیسٹنگز اور سکاٹ بولینڈ نے 2، 2 ڈینئل وورال اور مچل مارش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 31 ویں اوور کی پہلی گیند پر ایک وکٹ پر حاصل کیا، وارنر اور عثمان خواجہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 73 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، وارنر 48 رنز بنا کر مرتگ کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر کپتان سٹیون سمتھ نے خواجہ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر آئرش باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 126 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، عثمان خواجہ 82 اور سمتھ 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹم مرتگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔