ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مکمل، ہلاکتیں 114 ہو گئی

131

استنبول:ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں آنیوالے شدید زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 114 افراد ہلاک اور 1 ہزار 35  زخمی ہوئے ہیں ۔

ترکی کی آفات اور ہنگامی انتظامیہ اتھارٹی(اے ایف اے ڈی)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 137 شہری اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اے ایف اے ڈی کے سربراہ مہمت گلوگلو نے اپنے ٹویٹراکانٹ پر اعلان کیا کہ گرنے والی تمام 17 عمارتوں میں امدادی کام مکمل کر لیے گئے ہیں،عمارتوں کےملبے سےمجموعی طور پر 107 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔

دریں اثنا ایسے افراد جن کے اپارٹمنٹ کی عمارتیں منہدم  ہو گئی ہیں یا انہیں بھاری نقصان پہنچا ہے کیلئے ازمیر کے میئر ٹونک سویئر نے منگل کے روز “ایک کرایہ ایک گھر” کے نام سے ایک امدادی مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ ضرورت مند شہریوں کیلئے کرایہ کی سہولت فراہم کرنے یا اپنے گھر کھولنے کی خواہش رکھنے والے افراد اپنے نوٹیفکیشن آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔

سوئر نے  اپنے ٹویٹر اکانٹ پر اعلان کیا کہ ہماری اس مہم کے 5 گھنٹے بعد ہمیں 20 لاکھ ترکش لیرا( تقریبا 2 لاکھ 35 ہزار امریکی ڈالر)سے زائد رقم کرایہ کی مد میں وصول ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس رقم کی بدولت ہم نے خیموں میں قیام پذیر 200 سے زائد خاندانوں کو وہاں سے نکالا ہے۔زلزلے سے بچ جانے والوں کیلئے اس وقت صوبے میں 8 ہزار عارضی پناہ گاہیں قائم ہیں۔

اے ایف اے ڈی کے بیان کے مطابق حکومت نے خطے کیلئے وسائل کی مد میں 2 کروڑ 90 لاکھ لیرا مختص کیے ہیں۔جمعہ کے روز ازمیر کے ضلع سیفیری حصار کے بحیرہ ایجیئن میں 6.6 شدت کا شدید زلزلہ آیا تھا۔