گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، چیف الیکشن کمشنر

208

اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا کہ اس دفعہ کے الیکشن میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا، گلگت بلتستان میں صاف شفاف الیکشن ہوں گے،جی بی میں الیکشن میں دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ انتیس جولائی 2019کو جب حلف اٹھایا تھا تب گلگت میں کوئی الیکشن قوانین نہیں تھے، میں نے گلگت میں تین آل پارٹیز کانفرنس بلوائیں، تمام پارٹیز سے الیکٹورل ووٹ پر مشاورت کی جس کے بعد  ہم گلگت میں الیکٹورل ووٹ بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کا تیسرا الیکشن اب ہو رہا ہے ،یہ انتخابات2015کے قوانین کے مطابق ہو رہے ہیں، 15مئی 2020کو انتخابات کا اعلان ہوا۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کو ووٹرز کی سہولت کے لئے آن لائن سروس دی، ہم نے دس ضلعوں کے 24حلقوں میں آر اوز کو رکھا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ میرا دفتر ہر وقت کھلا ہے آکر شکایات درج کروائی جائیں، اس دفعہ کے الیکشن مین فوج کا کوئی عمل و دخل نہیں ہوگا اس دفعہ پولیس رینجرز اور ایف سی کے اہلکار الیکشن سیکورٹی دیں گے،انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف شفاف الیکشن ہوں گے۔واویلا مچایا جا رہا ہے تو بتایا جائے کہاں دھاندلی ہو رہی ہے ، جی بی کا ماحول اب تک پرامن ہے کوئی مسئلہ ہے تو نشاندہی کروائیں۔

راجہ شہباز خان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے الیکشن اصولوں کی خلاف ورزی کی ،پی پی کیخلاف نوٹس جاری کیے گئے ہیں، پیپلز پارٹی کو 35 نوٹسز جاری کیے ہیں، تحریک انصاف کو 23 نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور مسلم لیگ ن کو 12 نوٹسز جاری کیے گئے ہیں،اب تک تمام جماعتوں کے 95 افراد کو نوٹس کیے جا چکے ہیں،ایس او پیز کو دیکھ کر کوڈ آف کنڈیکٹ بنایا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا مزید کہنا ہے کہ  جی بی میں الیکشن میں دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں ،اسلام آباد میں موجود ہوں بتایا جائے دھاندلی کہاں ہو رہی ہے ، دھاندلی کے الزامات لگانے والی جماعتیں مجھ سے ملیں ،وزیر اعظم وزیر اعلی کی دعوت پر آئے تھے ،وزیر اعظم نے شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اور چلے گئے ۔