ہمارے ووٹوں سے چلنے والی حکومت ہمیں مشاورت کے قابل نہیں سمجھتی

206

اسلام آباد:مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور  وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیرچیمہ نے کہاکہ ہمارے ووٹوں سےچلنے والی حکومت ہمیں مشاورت کے قابل نہیں سمجھتی،اللہ نہ کرے کہ  ایسی نوبت آئے کہ ہم پوائنٹ آف نوریٹرن پر جائیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیرچیمہ نے کہاکہ وزیراعظم لاہور جاتے ہیں فیصلے کرتے ہیں ہمیں اعتماد میں نہیں لیتے،پہلے عشائیہ ہوا ہم احتجاجاً اس میں شریک نہیں ہوئے ، وزیراعظم ہم سے نہ ملاقات کرتے ہیں نہ تحفظات دور کئے جاتے ہیں ۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ مجھے کسانوں اور کاشت کاروں نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے، ہم نے کسانوں اور کاشتکاروں کو ابھی تک ریلیف نہیں دیا،اٹھتے بیٹھتے وزیراعظم کہتے ہیں معیشت کی بہتری تعمیرات کے شعبہ سے ہوگی ، مہینوں ہوگئے وزیراعظم ہاؤسنگ کے وزیر سے نہیں ملے،حکومت کو جب بھی ضرورت پڑی ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوئے، ہم آج بھی حکومت کے اتحادی ہیں لیکن اس طرح نہیں، ووٹ کی اہمیت ہے، ہماری بھی عزت ہے۔

انہوں نےکہا کہ جب فوٹو سیشن کرانا ہے تو چاہتے ہیں کہ سب اتحادی ساتھ ہوں پھر رویے بھی ایسے ہی ہونے چاہیئں،ہمارا مسئلہ نہیں کہ پی ڈی ایم کیا کررہی ہے،ہمارا ان سے کوئی واسطہ نہیں، ہم آج بھی حکومت سے کہتے ہیں ہم آپ کے اتحادی ہیں ہمیں اتحادی رکھنے کی کوشش کریں۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومت نے ہم سے کتنے وعدے کئے جو پورے نہیں ہوئے صرف کھانا کھانے نہیں جا سکتے،عملی کام بھی ہونے چاہیئں،پی ٹی آئی سے معاہدہ حکومت سازی اور ووٹوں کی حد تک تھا، وفاقی حکومت ہمارے ووٹوں سے حکومت کر رہی ہے لیکن ہمیں مشاورت کے قابل ہی نہیں سمجھتی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم بیک ڈور ڈپلومیسی پر یقین نہیں رکھتے ،ہم نے کوئی ایسی حرکت نہیں کی کہ تحریک انصاف کے سامنے شرمسار ہوں ،ہمیں کوئی اعتراض نہیں پنجاب میں جس طرح چاہیں حکومت چلائیں  ان کی اپنی مرضی۔